اہل بیت نیوز ایجنسی ابنا کی رپورٹ کے مطابق،ایران کی وزارتِ خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے کہا ہے کہ امریکہ لبنان، فلسطین اور پورے خطے میں صہیونی حکومت کے تمام جرائم میں برابر کا شریک اور معاون ہے۔
انہوں نے جنوبی لبنان، مشرقی علاقوں اور بیروت کے علاقے الضاحیہ پر صہیونی حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ان حملوں میں بڑی تعداد میں لبنانی شہری شہید اور زخمی ہوئے، جبکہ لاکھوں افراد بے گھر اور بنیادی ڈھانچہ تباہ ہو گیا۔
اسماعیل بقائی نے کہا کہ صور، نبطیہ اور صیدا جیسے تاریخی شہروں پر حملوں میں شدت آنا انتہائی تشویشناک ہے۔ انہوں نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل اور دیگر عالمی اداروں کی خاموشی کو صہیونی حکومت کی مزید جارحیت کا سبب قرار دیا۔
ترجمان وزارتِ خارجہ نے العالم ٹی وی کے سینئر صحافی حسام زیدان کی شہادت پر اظہارِ افسوس کرتے ہوئے ان کے اہلِ خانہ، میڈیا ادارے اور عالمی صحافتی برادری سے تعزیت کی۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ تین برسوں میں فلسطین اور لبنان میں 300 سے زائد صحافی مارے جا چکے ہیں اور عالمی برادری کی ذمہ داری ہے کہ وہ ان جرائم کے ذمہ داروں کا احتساب کرے۔
آپ کا تبصرہ